8 اگست کو چینی صدر شی جن پھنگ نے درخواست پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ پیوٹن نے یوکرین بحران کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے روس کے موقف اور روس اور امریکہ کے درمیان حالیہ رابطوں کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ روس چین تعاون کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کسی بھی صورت تبدیل نہیں ہوگی اور روس چین کے ساتھ قریبی رابطے جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔ شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ پیچیدہ مسائل کا کوئی آسان حل نہیں ہے۔ چاہے صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونما کیوں نہ ہوں، چین اپنے مستقل موقف پر قائم رہے گا اور امن مذاکرات کو آگے بڑھانے کی کوشش کرےگا۔ چین ، روس اور امریکہ کے درمیان روابط برقرار رکھنے، ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے اور یوکرین بحران کے سیاسی تصفیے کے عمل کو فروغ دینے پر خوشی کا اظہار کرتا ہے۔ دونوں سربراہان مملکت نے چین اور روس کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی وسیع تر ترقی کو مشترکہ طور پر فروغ دینے پر اتفاق کیا۔